ادارۂ مسعودیہ کراچی ۱۹۹۲ء میں قائم ہوا جس کا واحد مقصد قرآن و حدیث اور سلف صالحین کی تعلیمات کی روشنی میں قارئین کرام کو پاکیزہ ، سچا اور سستا لٹریچر مہیاکرنا ہے جس کی موجودہ نسل کو ضرورت ہے۔ الحمدللہ ادارے کا لٹریچر جدید بین الاقوامی علمی اور تحقیقی معیار کےمطابق ہے جس سےحق کے متلاشی نوجوانوں کو الجھے ہوئے مسائل کا حل مل سکتا ہے۔ ادارۂ مسعودیہ کے نہ سیاسی و جغرافیائی مقاصد ہیں اور نہ طبقاتی و گروہی اور نسلی و لسانی عزائم ، ادارے کے تمام اراکین و معاونین خود نمائی اور نام و نمود سے بے نیاز ہوکر محض رضائے الٰہی کے لیے کام کرتے ہیں۔ نفع اندوزی مطمع نظر نہیں۔
اللہ کے فضل و کرم اور مسعودِ ملت، پیرِ طریقت حضرت علامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد مسعود احمد علیہ الرحمۃ کی سرپرستی میں اللہ تعالٰی نے ادارے کی مطبوعات کو وہ فروغ دیا کہ قلیل مدت میں یہ مطبوعات لاکھوں کی تعداد میں چھپ کر پوری دنیا میں پھیل گئیں ہیں۔ بر اعظم ایشیاء، براعظم افریقہ، بر اعظم امریکہ، بر اعظم یورپ کے مختلف ممالک ادارے کے لٹریچر سے بھرپور فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔
ادارے کا لٹریچر متعدد زبانوں میں شائع ہورہا ہے مثلاً اردو، فارسی، عربی، انگریزی ،فرانسیسی وغیرہ۔ اس کے علاوہ بعض ممالک میں ملکی اور علاقائی زبانوں میں ادارے کی مطبوعات کے تراجم ہوکر شائع ہو رہے ہیں مثلاً، ڈچ، بنگالی، سواھلی، گجراتی، سندھی، ہندی، پشتو وغیرہ۔
ادارۂ مسعودیہ کراچی نے کالج اور یونیورسٹیوں کے غریب طلباء کے لیے ذکوٰۃ سیل قائم کیا ہے۔ ذکوٰۃ کے اہل طلباء اگر پرنسپل ، صدر شعبہ یا کسی ذمہ دار شخصیت سےتصدیق نامہ لکھوا کر ادارے کو بھیجے تو انہیں ذکٰوۃ کی مد میں سے کتب روانہ کر دی جاتی ہیں۔ جو مخیر حضرات ادارے کی کتابیں مفت تقسیم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں کتابیں نصف قیمت پر فراہم کردی جاتی ہیں۔